قاہرہ،8جنوری(آئی این ایس انڈیا)مصری حکومت نے کم عمر لڑکیوں کی سرکاری محکموں میں جبری بھرتیوں سے متعلق سامنے آنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی سختی سے تردید کی ہے۔ مصری وزارت برائے سماجی بہبود کی خاتون عہدیدار انجینیر امانی غنیم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کم عمر لڑکیوں کی جبری بھرتیوں کے حوالے سے سامنے آنے والی تمام افواہیں بے بنیاد ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سول سروس قانون کی دفعہ 86مجریہ 1973ء کے تحت جامعات اور اعلیٰ تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل ہونے والے افراد کے لیے ایک سال سروس کرنا لازمی ہے اور اس کی پابندی متعلقہ ادارے خود کراتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزارت بہبود آباد کی جانب سے عائلی تنظیم سازی، انتظامی امور اور ناخواندگی ختم کرنے کے لیے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو سرکاری اداروں میں کچھ عرصہ کے لیے خدمات انجام دینے کے لیے مختص کیا جاتا ہے مگر وہ بھرتی بھی جبری نہیں ہوتی۔